مستقبل کے منصوبہ جات
اللہ تعالی کے فضل و کرم سے جامعہ دارالعلوم نصیریہ غورغشتی اس وقت ایک تعلیمی و تربیتی ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے، جس کے مختلف شعبوں کا اجمالی خاکہ اوپر پیش کیا گیا، مختلف شعبوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر جامعہ نصیریہ میں عنقریب ایک وسیع تعمیراتی سلسلے کا آغاز ہونے جارہا ہے، جس کے لیے فی الحال جگہ خریدی جارہی ہے الحمدللہ جامعہ کے احاطے کے ساتھ مزید سات(۷) کنال جگہ خریدی جا چکی ہے اور مزید خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔
تعمیراتی سلسلہ جس کا عنقریب آغاز کیا جائے گا اس کی تفصیل درج ذیل ہے؛
جامعہ کے استعمال میں شروع سے محلہ کی مسجد ہے جو محلہ کے نمازیوں کی تعداد کے اعتبار تعمیر کی گئی تھی،وہ ایک عرصہ سےنمازیوں کی تعداد کے اعتبار سےچھوٹی پڑ رہی ہے اس لئے رئیس الجامعہ صاحبزادہ حافظ محمد زبیر صاحب دامت برکاتھم اور دیگر احبابِ جامعہ کی یہ تمنا اور کوشش ہے کہ جامعہ دارالعلوم نصیریہ کے شایانِ شان ایک کشادہ پر وقار اور جاذب نظر مسجد تعمیر کی جائے جو جامعہ اور آس پاس سے آنے والے تمام نمازیوں کی ضرورت کو پورا کر سکے اور بڑے بڑے اجتماعات بھی اس میں منعقد کئے جاسکیں، نیز قتا فوقتا پیش آنے والی دیگر ضروریات کا بھی یہاں انتظام ہوسکے۔
جامعہ دارالعلوم نصیریہ کے تعمیراتی منصوبے میں کلاسز کے لیے مستقل بلڈنگ کا قیام بھی شامل ہے۔ جس میں ان شاء اللہ درس نظامی کے لیے جدا ، حفظ و تجوید کے لیے جدا ، نصیریہ چلڈرن اکیڈمی کے لئے جدا اور نصیریہ ہائی سکول کے لیے جدا بلڈنگ کا قیام ہوگا۔
جامعہ دارالعلوم نصیریہ غورغشتی میں اقامت پذیر طلبہ کے لیے ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ ان کی رہائش کے لیے جدا عمارت ہونی چاہیے جس میں طلبہ آرام کے ساتھ اور صفائی ستھرائی کے ساتھ رہائش اختیار کرسکیں۔
جامعہ میں قائم شدہ مطبخ (کچن) کی جگہ بھی طلبہ کی تعداد کے اعتبار سے تنگ ہو چکی ہے لہذا ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ ایک وسیع عمارت کی تعمیر کی جائے جس میں مطبخ کچن بھی ہو اور سامان وغیرہ سٹور کرنے کے لیے سٹورز بھی ہوں اور طلبہ کے کھانا کھانے کے لیےمطعم (کھانے کا ہال ) بھی جس میں طلبہ آرام اور صفائی ستھرائی کے ساتھ کھانا کھا سکیں۔
تربیتی اور تعلیمی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے اساتذہ کی رہائش جامعہ دارالعلوم نصیریہ کے احاطے میں یا احاطہ کے باہر قریبی جگہ میں ضروری ہے، بحمداللہ اساتذہ کے لئے کچھ مکانات تیار ہوگئے ہیں لیکن اس ضرورت کی تکمیل کے لئے مزید کچھ مکانات کی ضرورت ہے۔
یہ تمام تعمیراتی منصوبے خطیر مالی وسائل چاہتے ہیں اور جامعہ دارالعلوم نصیریہ غورغشتی کے رواں اخراجات اس کے علاوہ ہیں اور حکومت سے کوئی امداد طلب کرنا ادارے کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
لیکن اللہ تعالی کا معاملہ جامعہ کے ساتھ ہمیشہ یہ رہا ہے کہ جب کوئی اہم ضرورت پیش آتی ہے، اللہ تعالی غیب سے اس کی تکمیل کا انتظام اس طرح فرمادیتے ہیں کہ اللہ کے کچھ نیک بندوں کے دل میں اس ضرورت کا احساس ڈال دیتے ہیں اور وہ اپنی آخرت کی بہبود کی خاطر از خود جامعہ دارالعلوم نصیریہ غورغشتی کو اپنی زکوٰۃ، صدقات اور عطیات دے دیتے ہیں۔ہر مد کی رقم کو خاص اسی کے شرعی مصرف میں خرچ کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ جامعہ دارالعلوم نصیریہ اپنے تمام معاونین کے چندوں کی، خواہ وہ ایک روپیہ ہی کیوں نہ ہو، تہ دل سے قدر کرتا ہے، کیونکہ ان کا منشاء نام و نمود کے بجائے خالص رضائے الٰہی کا حصول ہوتا ہے اور مخلص مسلمانوں کا تھوڑا تھوڑا چندہ ہی بڑی خیر و برکت کا باعث ہوتا ہے۔
اللہ تعالی کی اس سنت پر بھروسہ کرتے ہوئے اسی کی رحمت سے امید ہے کہ ان شاء اللہ مستقبل کے یہ منصوبے بھی اگر اللہ تعالی کی رضا کے مطابق ہوئے تو اپنے اپنے وقت پر اسی غیبی نصرت کےذریعے انجام پا جائیں گے۔